اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کا احتجاج‘متعدد گرفتار

پنشن اورسرکاری سکولوں کی نجکاری کے خلاف احتجاج کیا گیا، سیکرٹریٹ کے دروازے بند کردئے

 اسلام آباد (آ ئی این پی )اسلام آباد میں وفاقی سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے سیکرٹریٹ کے دونوں گیٹس بند کر دئیے، جس کے باعث پولیس کی بھاری نفری سیکرٹریٹ چوک پہنچ گئی۔ پولیس حکام نے ملازمین کو دروازے کھولنے کی وارننگ دی اور احتجاج ختم نہ ہونے پر متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق مظاہرین کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی، اپ گریڈیشن، پنشن اصلاحات، تنخواہوں میں فرق کے خاتمے اور معذوری الانس 10 فیصد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اساتذہ کے لیے 25 فیصد ری بیٹ بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے، جب وزارت خزانہ کے حکام نے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے انکار کر دیا۔