لاہور سمیت 43 سمارٹ سیف سٹیز میں جدید ٹیکنالوجی سے مشکوک گاڑیوں کی نگرانی
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے جعلی، کلون اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون شروع کر دیا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کے 43 سمارٹ سیف سٹیز میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مشکوک گاڑیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مشتبہ نمبر پلیٹس کی خودکار نشاندہی کرکے متعلقہ پولیس ٹیموں کو فوری الرٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق جدید کیمروں کے ذریعے جعلی اور کلون نمبر پلیٹس کے علاوہ نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والی گاڑیوں کی بھی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ نمبر پلیٹس پر ٹیپ، کپڑا یا دیگر اشیا لگا کر رجسٹریشن نمبر چھپانے والی گاڑیاں بھی سیف سٹی کی نگرانی میں ہیں۔ سیف سٹی کی نشاندہی پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں متعدد مشکوک گاڑیوں کیخلاف کارروائی کروائی جا چکی ہے۔ کنٹرول روم سے متعلقہ پولیس ٹیموں کو فوری طور پر مطلع کیا جاتا ہے تاکہ مشکوک گاڑیوں کو روک کر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ جعلی، کلون اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس استعمال کرنیوالوں کیخلاف مقدمات اندراج سمیت سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں، نمبر پلیٹس چھپانے اور رجسٹریشن نمبرز میں ردوبدل پرزیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں پر رجسٹریشن ریکارڈ کے مطابق اصل اور منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کریں۔ اگر کسی شہری کو معلوم ہو کہ اسکی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر کسی دوسری گاڑی پر استعمال ہو رہا ہے تو وہ فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔