کبڈی ،نیزہ بازی ، والی بال،آف روڈ ریسنگ ،گھوڑا ڈانس،لوک موسیقی کے پروگرام ہوئے
آف روڈ ریسنگ کے سنسنی خیزمقابلوں میں ٹیم سلطان نے شاندار کارکردگی دکھا کر فتح حاصل کی
لاہور (نمائندہ خصوصی) دریائے چناب اور جہلم کے سنگم والے علاقے صحرائے تھل میں منعقد ہونے والاتین روزہ ’’ جھنگ ڈیزرٹ ریلی اینڈ کلچرل فیسٹیول‘‘اختتام پذیر ہو گیا۔ جنوبی پنجاب اور خصوصاً جھنگ کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام تحصیل 18 ہزاری کے علاقے رحمت آباد میں 16 سے 18 اکتوبر 2026ء تک منعقد ہونے والے ’’ جھنگ ڈیزرٹ ریلی اینڈ کلچرل فیسٹیول‘‘کے دلکش اور یاد گار ایونٹ میں سنسنی خیز ی سے پھر پور آف روڈ ریسنگ کیساتھ ساتھ روایتی کھیل کبڈی ،نیزہ بازی ، والی بال اور گھوڑا ڈانس، گھڑ سواری ،لوک موسیقی کے پروگرامز منعقد ہوئے، فیسٹیول میں مقامی دستکاریوں اور مختلف کھانوںکے اسٹالز بھی لگائے گئے جبکہ شائقین کے ٹھہرنے کیلئے کیمپنگ کی سہولت بھی مہیا کی گئی تھی۔فیسٹیول سے جھنگ کی بھرپور تاریخ اور ثقافت کو اُجاگر کرنے کا موقع ملا۔فیسٹیول میں مختلف ریس کیٹگریزجن میں اسٹاک، ویٹرنز، وومن اور بائیک ریسنگ کے سنسنی خیز مقابلے بھی منعقد ہوئے ۔صحرائے تھل میں پہلی بار منعقد ہونے والی پہلی جھنگ ڈیزرٹ جیپ ریلی کیلئے95 کلومیٹر طویل ٹریک تیار کیا گیا تھا، جس میں ملک بھر سے خواتین سمیت100 کے قریب نامور ڈرائیورز اور رائڈرز نے شرکت کی۔