لاہور میں سبزیوں کی سرکاری قیمتوں اور اوپن مارکیٹ کے نرخوں میں نمایاں فرق سامنے آ گیا، جہاں دکاندار مبینہ طور پر سرکاری نرخنامے کو نظر انداز کرتے ہوئے شہریوں کو مہنگے داموں سبزیاں فروخت کر رہے ہیں۔
سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی خریداری میں اضافی رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں نیا کچا آلو درجہ اول 30 روپے فی کلو کی سرکاری قیمت کے بجائے 50 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ پیاز کی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود صارفین کو 220 روپے فی کلو میں خریدنا پڑ رہا ہے۔اسی طرح درجہ اول ٹماٹر کی سرکاری قیمت 130 روپے فی کلو ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر 220 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ کریلے کی سرکاری قیمت 220 روپے فی کلو کے مقابلے میں 250 روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ شملہ مرچ 200 روپے کے بجائے 300 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔
سبز مرچ کی سرکاری قیمت 100 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ بند گوبھی کی سرکاری قیمت 140 روپے فی کلو ہونے کے باوجود 160 روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ پھول گوبھی 130 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔