سانحہ کارساز نے جمہوریت کے لئے دی جانے والی قربانیوں کی ایک دردناک تاریخ رقم کی:یوسف رضا گیلانی کا پیغام
اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سانحہ کارساز کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ کارساز کی وہ دلخراش رات آج بھی میری آنکھوں کے سامنے ہے، میں خود اس ٹرک پر موجود تھا۔ شہدا میں کچھ ایسے افراد کی میتیں بھی شامل تھیں جن کی شناخت اس وقت معلوم نہ ہو سکی۔ اس المناک سانحے نے جمہوریت کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی ایک دردناک تاریخ رقم کی۔ شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ چیئرمین سینیٹ نے شہید بینظیر بھٹو اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے، جس نے جمہوریت سے وابستگی، سیاسی استقامت اور قومی عزم کی ایسی داستان رقم کی جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔