فیکٹری صوبائی وزیر کی ملکیت ہے‘حملہ آور دو گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی ساتھ لے گئے
کوئٹہ(یواین پی)بلوچستان کے ضلع خضدار کے دور دراز علاقے نال میں ہفتے کی شام نامعلوم مسلح افراد نے ایک ماربل فیکٹری پر حملہ کر کے وہاں کام کرنے والے 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا، حملے کے دوران ایک مزدور فائرنگ سے زخمی ہوا جبکہ حملہ آور فیکٹری سے دو گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق خضدار پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ خضدار شہر سے تقریبا 35 سے 40 کلومیٹر دور بیسار پہاڑی کے قریب پیش آیا جہاں نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو اور ان کے بیٹے شاہ میر بزنجو کی ماربل فیکٹری واقع ہے۔انکے مطابق ہفتے کو رات گئے درجنوں مسلح افراد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فیکٹری میں داخل ہوئے اور وہاں موجود مزدوروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔