لاہور پولیس نے 511 مقدمات درج کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی
لاہور(کرائم رپورٹر) ماہ جولائی میں اب تک منشیات فروشی میں ملوث 526 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کر 511 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ ماہ جولائی میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے 198 کلو چرس، 68 کلو آئس، 25 کلو ہیروئین، 06 کلو افیون اور 2263 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔ اسی طرح رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 6697 ملزمان کو گرفتار کر کے شہر کے مختلف تھانوں میں 6557 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ امسال ملزمان کے قبضے سے 3439 کلو چرس، 554 کلو آئس، 255 کلو افیون، 302 کلو ہیروئین اور 41186 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس صوبائی دارالحکومت کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ بلال صدیق کمیانہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئس اور ہیروئین سمیت تمام ماڈرن نشوں کے خاتمے کے لیے متحرک ہو کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی آن لائن سپلائی اور استعمال کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو نشے سے محفوظ رکھنے اور منشیات فروشی کے نیٹ ورکس کا قلع قمع لاہور پولیس کا اہم ایجنڈا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔