گیس قیمت میں مزید 25فیصد اضافہ ناانصافی :وزیرتوانائی سندھ

پہلے ہی گیس 200فیصد مہنگی ہوچکی، عوام میں مزید بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں،  ناصرحسین شاہ 
    کراچی(آئی این پی )وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس پہلے ہی 200 فیصد مہنگی ہوچکی، عوام میں مزید بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں۔اپنے ایک بیان  میں صوبائی وزیر توانائی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا میں بیٹھے بابو پہلے ہی گیس کی قیمت میں 200فیصد تک کا اضافہ کرچکے ہیں، اس کے باوجود اب 25.78فیصد اضافے کا فیصلہ ناانصافی ہے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اوگرا کے فیصلے پر عملدرآمد سے قبل صوبوں سے مشاورت کرے ، مہنگائی کے مارے عوام میں مزید بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں، اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمت میں من مانا اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ اوگرا میں صوبوں کو نمائندگی دی جائے، بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں نے پہلے ہی غریب عوام کی زندگی اجیرن کررکھی ہے۔وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کبھی بھی ایسے یک طرفہ اور جبری فیصلے کی حمایت نہیں کرے گی جس سے عوام پر مزید مہنگای کا بوجھ ڈالا جائے۔ وزیر اعظم اوگرا کے ظالمانہ فیصلے کا فوری نوٹس لیں۔