بیلاروس کے صدر 25 نومبر کو اسلام آبادپہنچیں گے

اسلام آباد(آن لائن)بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 25 نومبر کوایک اہم دورے پر اسلام آبادپہنچیں گے۔الیگزینڈر لوکاشینکو وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر دو روزہ دورہ پاکستان کر رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ ایک اہم وفد بھی پاکستان پہنچ رہا ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کے دوران اہم ترین پاکستان بیلاروس ٹریڈ روڈ میپ 2027- 2025 ہر دستخط کیے جائیں گے۔فریقین زراعت‘ تجارت‘ سائنس و ٹیکنالوجی‘صنعت اور ادویات سازی کے شعبوں میں 4 مفاہمتی یاداشوں پر دستخط کریں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک مشترکہ طور پر الیکٹرک وہیکل بسوں کی پیداوار کے منصوبے کو حتمی شکل دہنے پر غور کریں گے۔زرعی مشینری و ٹریکٹر کی تیاری کی صنعت میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔بیلاروس کے صدر اپنے دورے میں صدر مملکت آصف علی زردار ی اوروزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔بیلاروس کے صدر کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات متوقع ہے۔