جمہوری تسلسل کو جاری رکھنے کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی
عوامی نمائندے کو نا اہل کرنا عوام کو انکے حق نمائندگی سے محروم کرنا ہے:سپیکر
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب اسمبلی میں عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر جمہوری تسلسل کو جاری رکھنے کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ،پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 54منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا، ایوان میں شہدائے وزیرستان کیلئے دعائے مغفرت، ملک سعید خان کے والد کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی، اس دوران سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے 26 ارکان کی بحالی کے بعد اپنا حتمی فیصلہ بھی ایوان میں سنا دیااور اس بارے میں رولنگ دی۔سپیکر نے اپنی رولنگ میں کہا کہ کسی عوامی نمائندے کو نا اہل کرنا صرف ایک عوامی آواز کو دبانا نہیں بلکہ عوام کو ان کے حق نمائندگی سے محروم کرنا ہے، متعدد معزز ارکان، بشمول وزیر خزانہ و پارلیمانی امور پنجاب کی جانب سے پیش کردہ درخواستوں سے جو مسئلہ ابھرتا ہے وہ جدید جمہوریت کی بنیادوں یا جڑوں سے تعلق رکھتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کیا منتخب عوامی نمائندوں کو سپیکر یا الیکشن کمیشن منتخب ایوانوں سے نا اہل کر سکتے ہیں؟ میرا جواب ’ناں‘ ہے۔دوران اجلاس ایوان کی بجلی بند ہو گئی جس سے پنجاب اسمبلی میں آفیشل ، سپیکر گیلری اور پریس گیلری میں اندھیرا چھا گیا،اجلاس آج منگل کی دوپہر تین بجے تک ملتوی کردیاگیا۔