لاہور (خصوصی رپورٹ )پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی اپنے زیرانتظام اضلاع میں موسمی پھولوں اور آرائشی پودوں کی رعایتی قیمتوں پر فروخت کیلئے سرکاری کمرشل نرسریاں قائم کرے گی۔ ڈی جی احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ اضلاع میں نرسریاں کھلنے سے شہریوں کو موسمی اور آرائشی پودے گھروں کے قریب دستیاب ہونگے۔شہری علاقوں میں سبزہ بڑھانے کیلئے املتاس اور بوگن ویلیا جیسی موزوں مقامی اقسام کو ترجیح دی جائیگی اور ماحول سے موافق پودے لگائے جائینگے۔ اقدام کا مقصد ادارے کی آمدن بڑھانا اور سرکاری فنڈنگ پر انحصار کم کرنا ہے۔ ضلعی ایجنسیاں موسمی پھولوں کی افزائش کے کیلنڈر بھی تیار کریں گی تاکہ شجرکاری میں ہم آہنگی آئے جبکہ منتخب نالوں اور آبی گزرگاہوں کے کنارے کا کٹا ئو روکنے کیلئے بانس لگائے جائینگے کیونکہ انکی پھیلی ہوئی جڑیں پشتوں کو مضبوط کرتی ہیں اور تیز بہا ئو کو مٹی بہا لیجانے سے روکتی ہیں۔