ٹریفک حادثات میں 2نوجوان جاں بحق

عارفوالا میں کھمبے سے ٹکراکر طالبعلم راشد ، موٹرسائیکل ، رکشہ تصادم میں منیب چل بسا
پاکپتن، عارفوالا(خصوصی رپورٹ)پاکپتن میں دو الگ ٹریفک حادثات میں 2نوجوان جاں بحق ہوگئے، ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ گزشتہ روز نواحی گاؤں 79 ای بی دریا ڈنگ کا رہائشی موٹر سائیکل سوار محمد ارشد اپنے بیٹے سکینڈ ائر کے طالبعلم راشد علی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ تحصیل عارفوالا کے علاقہ محمد نگر قبولہ روڈ پر سڑک کے عین درمیان بغیر تاروں کے نصب خالی پول سے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا ٹکرا گئے، حادثہ کے نتیجے میں نوجوان بیٹا محمد راشد جاں بحق جبکہ اس کا باپ محمد ارشد شدید زخمی ہو ا۔ ریسکیو نے جاں بحق راشد کی لاش اور اسکے زخمی باپ ارشد کو ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں باپ محمد ارشد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ادھر ترکھنی روڈ پر موٹر سائیکل اور رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 15 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت 15 سالہ منیب عمر ولد عمر فاروق رامے سکنہ چک 155 ای بی کے نام سے ہوئی۔ منیب گورنمنٹ شکر گنج ہائی سکول کے معروف ٹیچر عمر فاروق کا بیٹا تھا۔