فیفا ای فائنلز کے حوالے سے مزید اعلانات مناسب وقت پر کیے جائیں گے‘منتظمین
جدہ (سپورٹس ڈیسک)عالمی فٹ بال فیڈریشن(فیفا)اور سعودی ای اسپورٹس فیڈریشن نے سعودی عرب میں حالیہ پے در پے حملوں کے بعد جدہ میں منعقد ہونے والا فیفا ای فائنلز 2026 ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔فیفا اور سعودی ای اسپورٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے عالمی ویڈیو گیم ٹورنامنٹ کے منتظمین نے بتایا کہ خطے میں حالیہ پیش رفت اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے درکار انتظامی و لاجسٹک امور پر اس کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔منتظمین کے مطابق فیفا ای فائنلز کے حوالے سے مزید اعلانات مناسب وقت پر کیے جائیں گے۔اس سے قبل سعودی عرب میں سکیورٹی صورت حال کے جائزے کے بعد جاپان اور برازیل نے پہلے ہی اپنی ای اسپورٹس ٹیمیں مقابلے سے دستبردار کرلی تھیں۔سعودی عرب میں سکیورٹی صورت حال کے باعث دیگر کھیلوں کے مقابلوں کے شیڈول پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔