نیٹ فلکس نے ایک ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا

 دنیا بھر کے ناظرین کو تفریح فراہم کرنا بڑا مقصد ہے، شریک چیف ایگزیکٹوز ٹیڈ سرینڈوس
نیویارک (شوبز ڈیسک)معروف اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے اپنے ملازمین کی تعداد میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے تقریبا ایک ہزار افراد کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی میڈیا ادارے سی این بی سی کے مطابق کمپنی کی جانب سے ملازمین کو بھیجے گئے ایک داخلی پیغام میں بتایا گیا کہ اس فیصلے سے مجموعی افرادی قوت کا تقریبا چھ فیصد حصہ متاثر ہوگا۔ملازمتوں میں کٹوتی کا زیادہ تر اثر پروڈکٹ، ٹیکنالوجی، قانونی امور اور انسانی وسائل سے وابستہ شعبوں پر پڑنے کا امکان ہے۔ کمپنی کے شریک چیف ایگزیکٹوز ٹیڈ سرینڈوس اور گریگ پیٹرز نے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر کے ناظرین کو تفریح فراہم کرنا ان کا بڑا مقصد ہے، جس کے لیے افرادی قوت اور وسائل کو ترجیحات کے مطابق استعمال کرنا ضروری ہے۔پیغام میں دونوں سربراہان نے کہا کہ نیٹ فلکس کا کاروبار مستحکم ہے اور ترقی کر رہا ہے، جبکہ کمپنی اپنی سالانہ مالی پیش گوئی کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق ادارہ اپنی سروس کو بہتر بنانے، ترقی کی رفتار بڑھانے اور جدت کے لیے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا، تاہم ان اہداف کے حصول کے لیے کاروبار کے مختلف حصوں میں سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ہوں گے تاکہ صارفین، شراکت داروں، ملازمین اور سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔