وزیراعلیٰ کا دکاندار پر پیرا افسر کے تشدد کا نوٹس، فوری گرفتاری کا حکم

قانون نافذ کرنے والے  اداروں کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی : مریم نواز 
دیہی خواتین پنجاب کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں:وزیراعلی کا عالمی دن پر پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رحیم یار خان میں دکاندار پر پیرا افسر کے تشدد کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پیرا افسر کی گرفتاری کا حکم دے دیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ کسی شہری کے ساتھ پرتشدد رویہ اپنانے کی اجازت نہیں دینگے۔ دریں اثناء  مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دیہی خواتین کے حقوق کا دن منانے کا مقصد دیہاتی خواتین کی محنت اور کاوشوں کا اعتراف کرنا ہے۔ دیہی خواتین کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کی عظمت، قربانی اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، دیہی خواتین محنت، محبت، احساس ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں، دیہی خواتین کی محنت سے پنجاب کی زمین لہلہاتی ہے، گھر آباد ہوتے ہیں اور معیشت مستحکم ہوتی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ دیہی عورت محض ایک محنت کش نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے، دیہی خاتون سمیت ہر عورت کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے، چاہتی ہوں کہ دیہی خواتین صرف فارمر نہ رہیں بلکہ خود فیصلہ ساز اور معاشی قوت بنیں