کس کے کہنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کا نام تجویز کیا گیا؟ ،ارکان کا سوال
کور کمیٹی ارکان نے بیرسٹر گوہر کے پیش کردہ نام سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا
اسلام آباد (بیورو رپورٹ )جوڈیشل کمیشن میں مشاورت کے بغیر نام تجویز کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس میں ارکان رکن کمیشن بیرسٹر گوہر سے ناراض ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے کس کے کہنے پر جوڈیشل کمیشن میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کا نام تجویز کیا؟ ۔بیرسٹر گو ہرکا کہنا تھا کہ میں نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے کہنے پر ایک نام جوڈیشل کمیشن میں پیش کیا، وقت کم تھا مشاورت نہیں کر سکتا تھا۔شعیب شاہین نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے پہلے دونوں ممبران لیگل کمیٹی سے مشاورت کے بعد نام پیش کرتے تھے، اب سمجھ آئی کہ ممبرز بننے کیلئے اتنی سپیڈیں کیوں لگی ہوئی تھیں۔بیرسٹر گو ہر نے کہا کہ میرا تجویز کردہ نام چودھری نثار کا قریبی عزیز اور مسلم لیگ ن چھوڑ چکا ہے۔شعیب شاہین نے کہا کہ میں اسلام آباد کا حقیقی ایم این اے اور بار کا 20 سال سے نمائندہ ہوں، نام پیش کرنے سے قبل مجھے بھی نظر انداز کر دیا گیا، کور کمیٹی ارکان نے بیرسٹر گوہر کے پیش کردہ نام سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔