ملک میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی طلب میں اضافہ

 بجلی کی پیک طلب 21ہزار 400میگاواٹ تک پہنچ گئی،پیداوار 18ہزار میگاواٹ ہے،ذرائع 
   اسلام آباد (آئی این پی )ملک میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ۔ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیک ڈیمانڈ 21400میگاواٹ تک پہنچ گئی، جبکہ ملک میں بجلی کی پیداوار 18000میگاواٹ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں اٹامک بجلی گھروں سے تین ہزار، آر ایل این جی سے 3000، مقامی گیس سے 1500جبکہ درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار 1800میگا واٹ ہے۔ذرائع کے مطابق ملک میں مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار 2400میگا واٹ، ہوا کے ذریعے 1200، ہائیڈل کے ذریعے 3900جبکہ بیگاس سے بجلی کی پیداوار79میگاواٹ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں نیٹ میٹرنگ کے ذریعے بجلی کی پیداوار پانچ ہزار میگاواٹ سے زائد پہنچ گئی تاہم اگر نیٹ میٹرنگ کو شامل کیا جائے تو ملک میں بجلی کی پیداوار 23 ہزار میگاواٹ سے زائد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ نیٹ میٹرنگ میں تیزی سے اضافے کا رجحان ہے۔