اوکاڑہ: ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس، 22 کیسز کی سماعت

ڈی سی کے ریونیو ریکارڈ کے مطابق سائلین کی شکایات کے ازالے کے احکامات 
ڈی پی اوکی ملکیتی جائیدادی تحفظ ایکٹ پر فوری عمل درآمد یقینی بنا نے کی ہدایت 
اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی ریلیف اقدامات پر عمل درآمد کے سلسلے میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحفظ ملکیتی جائیداد ایکٹ کے تحت فریقین کی سنوائی کی گئی اور ملکیتی جائیدادوں سے متعلق 22 تنازعات کے کیسز کی سماعت ہوئی۔ڈپٹی کمشنر نے ریونیو ریکارڈ کے مطابق سائلین کی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری کیے اور متعلقہ افسران کو میرٹ اور شفافیت سے حقائق پر مبنی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملکیتی جائیداد کے تحفظ اور شہریوں کو ان کے حقوق کی فراہمی اولین ترجیح ہے، متاثرہ سائلین کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے جامع چھان بین کی جائے۔ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کہا کہ باہمی تنازعات کے حل میں محکمہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکیتی جائیدادی تحفظ ایکٹ پر عمل درآمد اور قانون کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔