امریکا:ماں کے آئسکریم کھانے پر بیٹے نے پولیس کو بلا لیا

  واشنگٹن (آئی این پی )امریکی ریاست وسکونسن میں ایک چار سالہ بچے نے ماں کے آئسکریم کھانے پر پولیس کو بلا لیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مائونٹ پلیزنٹ میں رہنے والے 4سالہ بچے نے ماں کی گرفتاری کے لیے پولیس کو 911پر کال کی، پولیس کو جب معاملے کی وجہ معلوم ہوئی تو وہ ہنسنے پر مجبور ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق بچے نے ریسین کانٹی کے ڈسپیچر کو فون پر کہا کہ میری ماں بہت بری ہے۔ آئو اور میری ماں کو لے جائو۔پولیس وجہ جاننے کی کوشش کر رہی تھی کہ اسی دوران بچے کی ماں نے فون اٹھایا اور وضاحت کی کہ بچے نے مجھے آئس کریم کھاتے پکڑ لیا ہے، چوں کہ وہ صرف چار سال کا تھا اس لیے گھر والے اسے روکنے کی کوشش کررہے تھے لیکن وہ 911 پر کال کرنے پر اصرار کررہا تھا۔ بچے نے فون لے کر پولیس سے کہا کہ میری ماں کو جیل میں ڈال دو اور مجھے اکیلا چھوڑ دو۔ ماں نے جلدی سے جواب دیا کہ میں نے اس کی آئسکریم کھائی، شاید اسی لیے اس نے آپ کو فون کرلیا ہے۔