خاتون کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم گرفتار

 لاہور(کرائم رپورٹر) ڈیفنس بی پولیس نے خاتون کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نسیم اختر کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں گھر پر فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا گیا جس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے فوری گرفتاری کا خصوصی ٹاسک جاری کیا۔ایس پی کینٹ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم طلال عباس اور نوید کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او ڈیفنس بی بلال عاربی نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی مکمل کی۔ ایس پی کینٹ اختر نواز نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔