بھارت میں ڈیزل فروخت پر 90 روز کی پابندیاں

بھارت میں ڈیزل فروخت پر 90 روز کی پابندیاں

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور خام تیل کی عالمی سپلائی میں خلل کے باعث بھارت نے ڈیزل کی فروخت پر عارضی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت کے سرکاری ایندھن فراہم کرنے والے ادارے بڑھتی ہوئی طلب اور محدود سپلائی کے باعث دباؤ کا شکار ہیں، جس کے نتیجے میں حکومت نے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے پٹرول پمپ ڈیلرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ایک صارف یا گاڑی کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 200 لیٹر ڈیزل فراہم کیا جائے، جبکہ تجارتی صارفین کو عام ریٹیل پمپس سے ایندھن خریدنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق ڈیزل کی طلب میں غیر معمولی اضافہ اور عالمی سطح پر خام تیل کی سپلائی میں کمی کے باعث یہ اقدامات ضروری ہو گئے تھے تاکہ ملک میں ایندھن کی دستیابی کو کسی حد تک برقرار رکھا جا سکے۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات عالمی منڈی پر واضح ہو رہے ہیں اور بھارت کا حالیہ فیصلہ بھی اسی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر صورتحال مزید خراب ہوتی ہے تو دیگر ایشیائی ممالک بھی ایندھن کی قلت اور قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندیاں عارضی نوعیت کی ہیں اور خطے کی صورتحال میں بہتری آنے پر ان کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔