عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں:آئی جی عبدالکریم
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے جمعہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایات پر مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی گئی جبکہ اہم شاہراہوں، عبادت گاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف پولیس کی موثر پٹرولنگ اور نگرانی کو یقینی بنایا گیاآئی جی پنجاب عبدالکریم نے تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کا قیام، شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر نماز جمعہ کے بعد پولیس افسران نے مختلف مساجد میں شہریوں سے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے۔آئی جی پنجاب نے سینئر افسران کو تاکید کی کہ وہ شہریوں کے گھر کی دہلیز پر ان کے مسائل سنیں اور ان کے حل کو یقینی بنائیں۔