پاک چین صنعتی شراکت داری ٹائر سیکٹر کی تیز رفتار ترقی کی بڑی وجہ ہے:وفاقی وزیرتجارت جام کمال
اسلام آباد(آئی این پی ) ایران اور امریکا میں 15 روزہ جنگ بندی کرانے کی پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کے بعد ملک کو معاشی حوالے سے خوشخبری ملی ہے، پاکستان میں ٹائر انڈسٹری میں بڑی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور چینی اشتراک سے 12 کروڑ ڈالر کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر تجارت جام کمال سے چینی وفد نے ملاقات کی، جس میں برآمدات بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ سروس لانگ مارچ ٹائرز کا بڑا ہدف ہے اور جون 2026 تک 7 کروڑ ڈالر کی برآمدات متوقع ہے۔وزیر تجارت جام کمال نے ٹائر انڈسٹری کو مکمل حکومتی حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ برآمدی شعبوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔انہوں نے پاک چین صنعتی شراکت داری کو ٹائر سیکٹر کی تیز رفتار ترقی کی بڑی وجہ قرار دیا اور بتایا کہ حکومت اور صنعت کے قریبی تعاون سے برآمدات میں مزید اضافے کی توقع ہے۔