پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کے بعد زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، جس کا آغاز ٹیرف معطلی کے فیصلے سے ہوا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر 3300 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 17 ہزار 484 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1379 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 14 ہزار 153 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ٹیرف معطلی کے مثبت اثرات نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی نظر آئے۔ امریکی مارکیٹس میں بھی زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، جہاں ایس اینڈ پی 500 میں تقریباً 10 فیصد اور نیسڈک کے سٹاکس میں 12 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جاپانی مارکیٹ میں بھی نکلئی 225 کے سٹاکس میں 8 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ہانگ کانگ کی ہانگ سینگ مارکیٹ میں تقریباً 2 فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ چین کی شنگھائی ایس ای کمپوزٹ انڈیکس میں بھی تیزی آئی۔تاہم، یورپی مارکیٹس بدستور مندی کا شکار ہیں، اور ان مارکیٹس میں کاروباری سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں۔اس زبردست تیزی کے پیچھے ٹیرف معطلی کا فیصلہ اور عالمی سطح پر سٹاک مارکیٹس کی مضبوط کارکردگی کا ہاتھ ہے، جو پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر مثبت اثرات ڈال رہا ہے۔