اسلام آباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی جارحیت کا ایک اور مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، جہاں بھارتی افواج نے اپنی عسکری ناکامیوں اور بوکھلاہٹ کے باعث نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج کا یہ دعویٰ کہ وہ صرف دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، محض جھوٹا پروپیگنڈا ثابت ہوا ہے۔ درحقیقت، بھارتی فوج جان بوجھ کر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر رہی ہے تاکہ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت سے متاثرہ سرحدی علاقوں میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، جہاں عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے، اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ افواج پاکستان ہر محاذ پر پوری قوم کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع میں مصروف عمل ہے۔فوجی ذرائع کے مطابق، بھارتی دراندازی اور شہری آبادی پر حملوں کے واضح شواہد، بشمول ویڈیوز اور تصویری مواد حاصل کر لیے گئے ہیں، جنہیں جلد قوم اور عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ بھارت کی اصلیت دنیا کے سامنے عیاں ہو سکے۔