پنجاب میں رضاکارانہ بلڈ ڈونر رجسٹریشن مہم آ ج سے شروع

پولیس اہلکاروں کو سرٹیفکیٹ، اعزازیہ اور خصوصی رخصت، شہریوں کو بھی رجسٹریشن کی ترغیب
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر پنجاب بھر میں رضاکارانہ بلڈ ڈونر رجسٹریشن مہم 8 اگست سے 8 ستمبر تک جاری رہے گی۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل بلڈ بینک کے تعاون سے شروع ہونے والی اس مہم کا مقصد پولیس فورس، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور عام شہریوں کو رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی جانب راغب کرنا اور ہنگامی طبی صورتحال میں خون کی بروقت فراہمی یقینی بنانا ہے۔ آئی جی پنجاب نے تمام پولیس افسران و اہلکاروں کو ورچوئل بلڈ بینک میں بطور رضاکار بلڈ ڈونر رجسٹر ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ خون عطیہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو CC-II سرٹیفکیٹ، کم از کم ایک ہزار روپے اعزازیہ اور ایک دن کی خصوصی رخصت دی جائے گی۔ انہوں نے پولیس فارمیشنز کے سربراہان کو مہم کی ذاتی نگرانی اور م ئوثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی، جبکہ یونیورسٹیوں اور کالجز میں طلبہ، اساتذہ اور شہریوں کو رجسٹریشن کی ترغیب دینے کے ساتھ سوشل ورک، کرمنالوجی، میڈیسن، نرسنگ اور پبلک ہیلتھ کے شعبوں کو بھی مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ورچوئل بلڈ بینک اب تک 72 ہزار سے زائد کیسز میں خون کی فراہمی میں سہولت فراہم کر چکا ہے جبکہ ایک لاکھ 33 ہزار سے زائد رضاکار بلڈ ڈونرز رجسٹرڈ ہیں۔ شہری بلڈ ڈونر رجسٹریشن یا خون کے حصول کے لیے 15 پر کال کرکے 4 دبائیں۔