ترمیم میں صوبائی خودمختاری کو نہ چھیڑاجائے:بیرسٹرگوہر

صوبوں نے اپنے قوانین بنا رکھے ہیں اس میں عمل دخل دینے کی ضرورت نہیں
خان صاحب کی رہائی قانون کے تحت ہوگی ،ڈیل کے تحت نہیں :میڈیا سے گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہاہے کہ 27ویں ترمیم میں صوبائی خود مختاری کو نہ چھیڑا جائے، صوبوں نے اپنے قوانین بنا رکھے ہیں اس میں دخل دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہم 27 ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کریں گے، ابھی تک ہمیں معلوم نہیں اس 27 ویں آئینی ترمیم کا کیا ڈرافٹ ہے، 26 ویں آئینی ترمیم میں بھی جو ڈرافٹ ہمارے ساتھ شیئر کیا گیا وہ پیش نہیں کیا گیا اس کا میں نے باقاعدہ مولانا صاحب کو بھی بتایا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرگوہر نے کہاکہ این ایف سی ایوارڈ میں آج تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ہم سمجھتے ہیں کہ اس ترمیم سے وفاق اور صوبے سب متاثر ہوں گے،ہ اس پارلیمان کے پاس استحقاق نہیں کہ یہ آئین میں کوئی تبدیلی کریں، ہمارے پاس 91 نشستیں تھیں، پہلے تین نشستیں لیں پھر آٹھ لے لیں اس کے بعد ہماری مخصوص نشستیں بھی لے لیں، آپ تب تک آئین میں ترمیم نہیں کر سکتے جب تک آپ کے پاس اصل دو تہائی اکثریت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو قید میں دو سال سے زائد ہو گئے، پانچ دن کے اندر اندر ان کو تین سزائیں دی گئیں، یہ باور کروانے کی کوشش کی گئی کہ لوگ انہیں بھول جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا ، اگر عدالتیں انصاف پر فیصلہ کریں تو خان صاحب رہا ہوں گے ،خان صاحب کی رہائی جب بھی ہوئی قانون کے تحت ہو گی کسی ڈیل کے تحت نہیں ہوگی۔ خان صاحب پارٹی سے مطمئن ہیں، ہم کوئی گوریلا فورس نہیں، نہ ہی ہم کسی بیرون ملک طاقت کے منتظر ہیں کہ خان صاحب کو رہا کروالیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے پاس اربوں روپے کا بجٹ ہے، میڈیا کیمرا لے کر باہر نکلیں دیکھیں کوئی بندہ ان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوگا۔اس موقع پر حامد خان نے کہاکہ 27 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کی تقسیم اور ملٹری ڈکٹیٹر شپ لانا چاہتے ہیں ، ہم حکومت کی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔