پولیس کے نو افسر انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پاگئے

 ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے افسران کو رینک کے بیجز لگائے 
 لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کے 9 افسران کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی آپریشنز کے دفتر میں رینک لگانے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اور ایس ایس پی آپریشنز نے ترقی پانے والے افسران کو انسپکٹر رینک کے بیجز لگائے۔ ترقی پانے والوں میں محمد افضال، صفدر علی، محمد زاہد، عبدالرحیم، وقاص اسلم، محمد وحید خان، عامر بوٹا، یاسر علی جوئیہ اور نوید اقبال شامل ہیں۔ تقریب میں افسران کے اہل خانہ کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترقی افسران کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے، جبکہ ان کی کامیابی میں اہل خانہ کی دعائیں اور تعاون بھی شامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے افسران مزید محنت، دیانت داری اور لگن سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔