لندن (سپورٹس ڈیسک)رومانیہ کی نوجوان جمناسٹ اور اولمپک میڈلسٹ انا ماریا باربوسو کو ڈوپنگ کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر دو سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ ان کے خلاف کارروائی کھلاڑیوں کی دستیابی سے متعلق معلومات فراہم نہ کرنے اور ڈوپنگ ٹیسٹ کے لیے مقررہ وقت پر دستیاب نہ ہونے کی بنیاد پر کی گئی ہے۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کے اینٹی ڈوپنگ ڈویژن نے بدھ کو اپنے فیصلے میں کہا کہ 20 سالہ اینا باربوسو نے ستمبر سے دسمبر 2025 کے دوران تین مرتبہ اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت اپنی موجودگی سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے تقاضے پورے نہیں کیے۔فیصلے کے مطابق باربوسو کی دو سالہ پابندی کا آغاز 5 مئی 2026 سے تصور کیا جائے گا، جس روز ان کی عارضی معطلی شروع ہوئی تھی۔ اس حساب سے وہ مئی 2028 میں دوبارہ مقابلوں میں حصہ لینے کی اہل ہو سکیں گی، تاہم کسی ممکنہ اپیل کی صورت میں صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔ان کی پابندی ایسے وقت ختم ہوگی جب لاس اینجلس اولمپکس 2028 شروع ہونے میں تقریبا دو ماہ باقی ہوں گے۔اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت مخصوص کھلاڑیوں کو ہر روز ایک گھنٹے کے لیے اپنی موجودگی کا وقت اور جگہ بتانا ہوتی ہے تاکہ کسی بھی وقت ان کا ڈوپنگ ٹیسٹ کیا جا سکے۔اگر کوئی کھلاڑی ایک سال کے دوران تین بار یہ معلومات دینے میں ناکام رہے یا ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہ ہو، تو اسے دو سال کی معطلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم کھلاڑی کی غلطی کی نوعیت اور ذمہ داری کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔