آسٹریلیا میں پاکستان کے لیے ایک اور نمایاں اعزاز سامنے آیا ہے۔
آسٹریلین رائل ملٹری کالج ڈنٹروون نے پاکستان آرمی کے کیڈٹ سردار ارسام عباس کو “اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ” قرار دیا ہے۔ یہ اعزاز 5 مئی کو کینبرا میں ہونے والی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران دیا گیا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ اعزاز اس غیر ملکی کیڈٹ کو دیا جاتا ہے جو تربیت کے تمام شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھائے۔ ادارے کے مطابق یہ کامیابی پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط اور جونیئر قیادت کے اعلیٰ معیار کی عکاس ہے۔کمیشننگ پریڈ کا معائنہ آسٹریلوی چیف آف آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ نے کیا۔ تقریب میں سفارتی نمائندوں، پاکستان کے ہائی کمشنر، آسٹریلوی ڈیفنس فورس کے حکام اور کیڈٹس کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات قائم ہیں، اور یہ 14 واں موقع ہے کہ کسی پاکستانی کیڈٹ کو یہ اعزاز ملا ہے۔ماضی میں بھی اس اعزاز کے حامل افراد میں لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد سہلیہ (شہید، تمغۂ بسالت) شامل رہے ہیں، جنہوں نے بعد میں شمالی وزیرستان میں شہادت حاصل کی اور جن کا نام ڈنٹروون پریڈ گراؤنڈ کے یادگاری پتھر پر درج ہے۔یہ کامیابی پاکستان کی عسکری تربیت اور عالمی سطح پر اس کے کیڈٹس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ایک اور اعتراف سمجھی جا رہی ہے۔