بی جے پی کے ایم پی تیجسوی سوریا نے بنگلورو میں ایک روایتی تقریب میں مشہور گلوکارہ شیوسری سکند پرساد سے شادی کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ شادی کرناٹک سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ اور ایم پی تیجسوی سوریا کے درمیان بنگلورو میں ہوئی۔تقریب میں مختلف سیاسی شخصیات بھی شریک ہوئیں، جن میں بی جے پی کے اہم رہنماؤں اناملائی، پرتاپ سمہا، امیت مالویہ، بی وائی وجےندرا اور مرکزی وزیر وی سومنا شامل تھے۔ شادی کے دن گلوکارہ شیوسری سکند پرساد نے سنہری رنگ کی روایتی ریشمی ساڑھی اور سونے کے زیورات پہنے تھے، جبکہ تیجسوی سوریا نے سفید دھوتی اور سنہری رنگ کا دولہا لباس اختیار کیا۔
تیجسوی سوریا، جو دو بار لوک سبھا کے رکن رہ چکے ہیں اور بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے صدر ہیں، نے اپنی زندگی کا یہ نیا باب گلوکارہ شیوسری سکند پرساد کے ساتھ شروع کیا۔ شیوسری سکند پرساد کو بھارتی فلم ساز منی رتنم کی فلم فرنچائز "پونیئن سیلوان" میں اپنے گانوں کے لیے شہرت حاصل ہے، جس میں ایشوریا رائے نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔