لاہور: مناواں کے علاقے میں اپنی دو سگی بہنوں کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مناواں عمران پاشا نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو بہنوں کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گھریلو رنجش کی بنا پر اپنی سگی بہنوں شازیہ اور نیلم شہزادی کو قتل کیا تھا۔ واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا۔انچارج انویسٹی گیشن عمران پاشا کے مطابق پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری رکھی اور بالآخر اسے گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ قتل کی وجوہات اور دیگر شواہد کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے ملزم کی گرفتاری کے لیے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔