لاہور میں ڈاکے شہری کنگال

   متعدد وارداتیں، شہری لاکھوں روپے اور قیمتی سامان سے محروم،نقدی اور موبائل فون چھین لیے گئے، گاڑیاں بھی چوری
 لاہور (کرائم رپورٹر)  شہر میں چوری اور ڈکیتی کی مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لوہاری گیٹ میں کامران سے 3 لاکھ روپے اور موبائل فون، نواب ٹائون میں امتیاز سے 2 لاکھ 55 ہزار روپے اور موبائل فون، باغبانپورہ میں مقدس سے 2 لاکھ 25 ہزار روپے اور موبائل فون، جبکہ رائیونڈ میں ساجد سے 2 لاکھ روپے، موبائل فون اور دیگر سامان چھین لیا گیا۔ دوسری جانب اقبال ٹائون اور شادمان سے گاڑیاں، جبکہ اسلام پورہ، مصطفی آباد اور گارڈن ٹائون سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔ پولیس نے مختلف وارداتوں کے مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔