لاہور (کرائم رپورٹر) ملت پارک کے علاقے نیشنل بینک کالونی میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے آٹھ سالہ بچی جاں بحق اور اس کا والد شدید زخمی ہونے کے واقعے میں پولیس نے نامزد کار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی اقبال ٹائون سدرہ خان کے مطابق تھانہ ملت پارک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 1190/26 میں نامزد ملزم رانم خان کو حراست میں لیا ہے۔ ملزم کے خلاف لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے پر دفعہ 322 ت پ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ حادثے میں آٹھ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، جبکہ اس کا والد اعجاز شدید زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی اقبال ٹائون کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔