لاہور (کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف نو کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 302.49 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق کچلاک بائی پاس کے قریب کارروائی میں 210 کلوگرام مارفین برآمد کی گئی۔ پشاور کی یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی اسٹاپ کے قریب ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے 26.4 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ بورے والا میں 10.8 کلوگرام چرس اور 7.2 کلوگرام افیون، جبکہ اسلام آباد کے علاقے پنڈوریاں میں 9.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ لاہور کے قریب راوی ٹول پلازہ سے 9.6 کلوگرام چرس اور اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ سے 6.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ کے کارگو آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے 16 خواتین کے بیگز سے 11.290 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر قلعہ چندا کے قریب موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون سے چھ کلوگرام، جبکہ حیدرآباد میں سحرش نگر کے قریب ایک ملزم سے پانچ کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔