وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی موجودہ حکومت کے طاقتور ترین وزیر ہیں اور کئی معاملات میں وزیراعظم کو بھی جوابدہ نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ محسن نقوی وزیر داخلہ ہونے کے باوجود حکومتی نظام کا باقاعدہ حصہ محسوس نہیں ہوتے۔ ان کے بقول انہوں نے محسن نقوی کو کابینہ کے اجلاسوں میں صرف دو یا تین بار ہی دیکھا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ محسن نقوی پارلیمنٹ میں بھی صرف سات یا آٹھ مرتبہ آئے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا، "اگر محسن نقوی خود نظام کی کمزوری کی شکایت کر رہے ہیں تو پھر ہمیں گھر چلے جانا چاہیے۔"واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ موجودہ نظام اس حد تک کمزور ہو چکا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دس برس بعد بھی ملک انہی مسائل کا شکار رہے گا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک کی بہتری اور ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے، کیونکہ موجودہ نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے اور اس کے ذریعے درپیش مسائل کا مؤثر حل ممکن نہیں رہا۔