عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کو جنوبی کیلیفورنیا میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزام میں باقاعدہ فرد جرم کا سامنا ہے۔
وینچورا کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس نے 30 اپریل کو اس حوالے سے مقدمہ درج کیا، جس میں ان پر الکحل اور منشیات کے زیر اثر گاڑی چلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ برٹنی کو 4 مئی کو وینچورا کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ چونکہ یہ ایک کم سطح کا مقدمہ ہے، امکان ہے کہ ان کے وکیل عدالت میں ان کی نمائندگی کریں گے اور ذاتی حاضری ضروری نہیں ہوگی۔ اگر قانونی رعایت منظور ہوئی تو انہیں 12 ماہ کی پروبیشن، ڈی یو آئی کلاسز اور جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ 4 مارچ کو پولیس نے برٹنی کو نشہ کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے رضاکارانہ طور پر علاج کے لیے بحالی مرکز میں داخلہ لیا۔ ان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری ان کی زندگی میں ضروری تبدیلی کا آغاز ہو سکتی ہے اور خاندان و دوستوں کی حمایت سے وہ اپنی زندگی بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔