نئی دہلی،اسلام آباد (آئی این پی )بھارت کی تہاڑ جیل میں قید حریت رہنما یاسین ملک اور چار دیگر افراد کے خلاف مقبوضہ کشمیر کی پولیس کے خصوصی ونگ سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے) نے چارج شیٹ دائر کر دی ہے۔ بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق یہ چارج شیٹ گزشتہ روز دائر کی گئی ہے۔یہ چارج شیٹ 1990 میں کشمیری پنڈت نرس سِرلا بھٹ کے اغوا اور وحشیانہ قتل کے مقدمے میں 36 برس بعد پیش کی گئی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں مقیم یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے منگل کو ایک بیان میں اس اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 36 سال پرانے کیس میں نئی چارج شیٹ سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ فوت شدہ افراد کے نام پر مقدمہ بھارتی عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں بدلنے کی کوشش انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔