ہانگ کانگ (سپورٹس ڈیسک)ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں دفاعی چمپئن پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں یو اے ای کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔کپتان عباس آفریدی 13 گیندوں پر 53 رنز بناکر ریٹائرڈ آئوٹ ہوئے جبکہ عبدالصمد 15 گیندوں پر 39 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ خواجہ نافع تین اور عرفان خان آٹھ رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ یو اے ای نے کپتان خالد شاہ کی 20 گیندوں پر 71 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت 107 رنز کا ہدف آخری گیند پر عبور کرکے ایک وکٹ سے فتح حاصل کرلی۔