دہری شہریت چھپانے والے افسروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن)  وفاقی حکومت نے دہری شہریت سے متعلق ڈیکلیریشن جمع نہ کرانے والے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کے لیے اہم قدم اٹھا لیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی اجازت حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم آفس کو سمری ارسال کردی ہے، جس میں گریڈ 20 سے 22 تک کے اعلیٰ سرکاری افسروں کے خلاف بھی کارروائی کا اختیار مانگا گیا ہے۔حکام اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد ڈیکلیریشن جمع نہ کرانے والے افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ زیر غور ممکنہ کارروائیوں میں ترقی روکنے، لازمی ریٹائرمنٹ اور ملازمت سے برطرفی جیسے اقدامات شامل ہیں