جدید ٹیکنالوجی : سکیورٹی پلان کو مزید بہتر اور فعال بنایا:غازی صلاح الدین

غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے وضع کردہ حکمتِ عملی  کا جائزہ لیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر)ایس پی یوہیڈ کوارٹر مناواں لاہور میں ڈی آئی جی ایس پی یو غازی صلاح الدین کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی یو پنجاب پولیس کے سینئر افسران نے  شرکت کی۔اجلاس کے دوران غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے وضع کردہ حکمتِ عملی اور اس پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی غازی صلاح الدین نے اس موقع پر کہا کہ غیر ملکی شہری پاکستان  کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح  ہے انہوں نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے سکیورٹی پلان کو مزید بہتر اور فعال بنایا جائے۔ ڈی آئی جی غازی صلاح الدین نے کہا کہ ایس پی یو اہلکار ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، لہٰذا ان کی معیاری رہائش، متوازن خوراک اور بہترین سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔