چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے تحریک انصاف کی رجسٹریشن کے کیس میں فل بینچ تشکیل دے دیا
سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا‘ مزید سماعت 2 جولائی کیلئے مقرر کردی گئی
مظفر آباد (یواین پی) پاکستان تحریک انصاف کو پاکستان کے بعد اب آزاد جموں و کشمیر میں بھی شدید ترین سیاسی و قانونی دھچکا لگا ہے، کیوں کہ آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی سے 'بلے' کا انتخابی نشان واپس چھن گیا۔ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن اور بلے کے انتخابی نشان سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا ہے، اس حکم کے ساتھ ہی تحریک انصاف سے بلے کا نشان عارضی طور پر واپس لے لیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جسے عدالتِ عظمیٰ نے سماعت کے لیے منظور کرلیا، آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے الیکشن کمیشن کی اس اہم اپیل پر ابتدائی سماعت مکمل کی، کیس کی حساسیت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف جسٹس نے فوری طور پر ایک فل بینچ تشکیل دے دیا اور کیس کی مزید باقاعدہ سماعت 2 جولائی 2026ء تک کے لیے مقرر کر دی