جن اضلاع میں حدبندی نہیں ہوئی وہاں حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا جائے گا:الیکشن کمیشن‘محفوظ فیصلہ جاری
اسلام آباد(آئی این پی )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے 12 قبائلی اضلاع کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا ، جس میں خیبر پختونخوا کے جن اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے، وہاں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے جن اضلاع میں حدبندی نہیں ہوئی وہاں حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔تاہم فیصلے کے مطابق 12 قبائلی اضلاع میں حدبندیاں اور بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت اور متعلقہ انتظامی اداروں کو انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تر ضروری اور انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ ونگ و انتخابی شیڈول پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔