لیسکو سمیت دیگر کمپنیوں نے سولر صارفین کے بنائے یونٹس بل کا حصہ نہیں بنائے
ڈسکوز نے دو ماہ سے نیٹ میٹرنگ کنکشنز اور نئے معاہدے روک رکھے ہیں :رپورٹ
لاہور (خصوصی رپورٹ )لیسکو سمیت بجلی کی دیگر تقسیم کار کمپنیوں نے سولر صارفین کے ایکسپورٹ کردہ کروڑوں بجلی کے یونٹس غائب کردئیے ،بلز میں شامل ہی نہیں کئے گئے، صارفین پریشان۔تفصیلات کے مطابق لیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیٹ میٹرنگ کنکشن کے حامل لاکھوں صارفین کے بنائے یونٹس کو بل کا حصہ نہیں بنایا اورایسے صارفین سے استعمال شدہ تمام یونٹس کا بل چارج کیا گیا۔ ایکسپورٹ یونٹس کو بجلی بلوں کا حصہ نہ بنا کر سولر صارفین کو بھاری بل بھجوا دئیے گئے ۔ذ رائع کا کہنا ہے کہ ڈسکوز نے نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی کو لائن لاسز چھپانے کیلئے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے اور نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل ہونے سے سولر صارفین کی مسلسل حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ڈسکوز نے گزشتہ دو ماہ سے نیٹ میٹرنگ کنکشنز اور نئے معاہدے روک رکھے ہیں،ہزاروں صارفین کے معاہدے ہونے اور ڈیمانڈ نوٹسز ادا کرنے کے باوجود انہیں میٹرز نہیں دئیے جارہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ سولر صارفین کے ایکسپورٹ یونٹس بل میں شامل ہی نہیں کئے گئے۔