پل دفاعی اعتبار سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ، ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جائے:شہری
کھچی والا (خصوصی رپورٹ) کھچی والا کو سیراب کرنے والی نہر نائن آر پر واقع متعدد پل عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بالخصوص چک نمبر 209 نائن آر کا پل ٹوٹ پھوٹ کے باعث توجہ کا متقاضی ہے۔ پلوں کی مخدوش حالت نہ صرف عوامی سلامتی کیلئے تشویش کا باعث ہے بلکہ بعض پلوں کی اہمیت ملکی دفاع کے حوالے سے بھی غیر معمولی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق یہ پل دفاعی اعتبار سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے اس کی خستہ حالی کو نظرانداز کرنا مناسب نہیں۔ پلوں کی بروقت مرمت اور مضبوطی نہ ہونے سے کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کا خدشہ ہے۔ علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے متعلقہ محکمہ انہار اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نہر نائن آر پر واقع تمام خستہ حال پلوں کا فوری سروے کرایا جائے، بالخصوص چک نمبر 209 نائن آر کے پل کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ عوام کو محفوظ آمدورفت کی سہولت میسر آ سکے اور کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔