300گھروں کی بجلی منقطع، شہریوں کااحتجاج،سڑک بلاک

پیشگی اطلاع نہیں دی،واپڈا بجلی فوری بحال کرے:شہری،میٹر غیر قانونی تھے:واپڈا
حویلی لکھا (خصوصی رپورٹ )شکورآباد کالونی میں واپڈا کی جانب سے 300سے زائد گھروں کی بجلی منقطع کیے جانے کے خلاف شہریوں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے۔ شدید گرمی اور پانی کی قلت سے پریشان مکینوں نے واپڈا چوک پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی،گزشتہ رات واپڈا اہلکاروں نے شکورآباد کالونی میں اچانک کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بجلی کے میٹر اتارے۔ واپڈا کا مؤقف ہے کہ یہ میٹر غیر قانونی تھے، تاہم متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ انہیں کسی قسم کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ بجلی کی بندش نے علاقے میں شدید پانی کی قلت بھی پیدا کر دی ہے،صورتحال کے پیش نظر آج صبح شہریوں کی بڑی تعداد واپڈا چوک پر جمع ہوئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سڑک پر ٹائر جلا کر ٹریفک جام کر دی۔ شہریوں کا مطالبہ تھا کہ ان کی بجلی فوری طور پر بحال کی جائے اور واپڈا اپنی غیر انسانی کارروائیوں سے باز آئے۔ مظاہرین نے حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں۔