وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی جائیداد اور اثاثوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی بھی فرد کو قانونی ملکیت پر قبضے یا غیر قانونی تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے فوری اور شفاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق ایکس (Twitter) پر جاری پیغام میں بتایا کہ ڈی سی اسلام آباد قبضہ یا غیر قانونی تجاوزات کی شکایت پر 7 دن کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی اسلام آباد میں سرمایہ کاری خوش آئند اور قابلِ قدر ہے، اور اس کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو محفوظ اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے گا، اور اوورسیز پاکستانیوں کے اثاثوں کے تحفظ کے لیے فوری، شفاف اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ قانونی ملکیت کو کسی بھی خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔