پہلے جدید ترین فلم سٹی کا 15دسمبر کو افتتاح

لاہور شہر کو دوبارہ فلم انڈسٹری کا مرکز بنانے کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری
فلم سٹی ،فلمی صنعت کی بحالی اور سستی تفریح کا مکمل ایکوسسٹم :مریم اورنگزیب
لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان اور پنجاب کے پہلے جدید ترین ٹیکنالوجی اور سہولیات سے لیس فلم سٹی کے آغاز کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا۔ پنجاب میں بننے والی پنجابی فلموں کو 35، اردو فلموں کو 20 فیصد ریبیٹ دیا جائے،وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب اور پاکستان کا پہلا رائلٹی قانون بنانے کی منظوری دے دی، پنجاب فلم اتھارٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے فلم اینڈ میوزک سکول، فلم میوزم، فلم ٹریڈنگ ہا ئوس، پوسٹ پروڈکشن فسیلیٹی، سٹوڈیو کمپلیکس، جدید ترین فلم سٹوڈیوز، پاکستان کا سب سے بڑا کنونشن سینٹر بنانے کی بھی منظوری دے دی گئی۔شوٹنگ کے بہترین مقامات کے انتخاب میں مدد دینے لے لئے آن لائن ون ونڈو متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔ مالی سال 2026-27 کافلم سٹی اتھارٹی کا 58 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ جائزہ کے لئے فنانسنگ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔فلم سٹی اتھارٹی کی 53 اسامیوں پر، پہلے مرحلے میں 26 افراد بھرتی کرنے کی منظوری، بھرتیوں اور برطرفیوں کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلم سٹی فلمی صنعت کی بحالی، سرمایہ کاری، روزگار کے فروغ، عوام کو معیاری اور سستی تفریح فراہم کرنے کا مکمل ایکوسسٹم ہے۔