دولماباہچے محل پہنچنے پر ترکیہ کے صدرنے وزیراعظم کا بھرپوراستقبال کیا،فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر،اسحاق ڈار، عطا ء تارڑ اورطارق فاطمی بھی ہمراہ تھے ،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے دائرہ کار میں تعاون کے حوالے سے گفتگو
وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر صدراردوان کا شکریہ اداکیا، استنبول ایئرپورٹ پرترکیہ کے وزیردفاع نے وزیراعظم شہبازشریف اوران کے وفد کا استقبال کیا،پاکستان کے سفیربھی موجودتھے
استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی وفد کے ہمراہ ترک صدر رجب طیب اروان سے ملاقات ہوگئی۔دولماباہچے محل پہنچنے پر ترک صدر اردوان نے وزیر اعظم شہبازشریف کا بھرپور استقبال کیا، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات ونشریات عطاء للہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی ہمراہ تھے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیے جانے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان قائم اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے دائرہ کار میں تعاون کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات کو پریس کوریج کی اجازت نہیں دی گئی، ترک صدر اردوان نے وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف چار ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں ترکیہ کے دارالحکومت استبول پہنچے جہاں ایئر پورٹ پر ترکیہ کے وزیردفاع نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا شاندار استقبال کیا، پاکستان کے سفیر بھی ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔وزیر اعظم شہباز شریف 30 مئی تک ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کریں گے اور ان ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کو دی گئی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کریں گے ۔