باجوڑ: سکیورٹی فورسز نے 5 علاقے کلیئرقرار دیدیئے، لوگوں کو گھر واپسی کی اجازت

کلیئر کرائے جانے والے علاقوں میں حالات معمول پر آگئے، ریاستی مکمل عملداری بحال ہے،ریاست مکینوں کو مکمل حفاظت اور معاونت فراہم کرے گی، ضلعی انتظامیہ 
باجوڑ (آئی این پی ) سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں 5 علاقوں کو دہشتگردوں سے مکمل کلیئر کردیا۔ ضلعی انتظامیہ باجوڑ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقوں سیرئے کلان، سری میاں گان، لنڈئے کلان، بلال مسجد ترخو، شمشیر گرقلعہ ترخو کو دہشتگردوں سے کلیر کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئر کرائے جانے والے علاقوں میں حالات معمول پر آگئے اور ریاستی مکمل عملداری بحال ہے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کلیئر کرائے گئے علاقوں کے لوگ اپنے گھروں کو واپس جاسکتے ہیں، ریاست مکینوں کو مکمل حفاظت اور معاونت فراہم کرے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق باجوڑ کے دیگر علاقوں کے متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا عمل مرحلہ وار مکمل ہوگا۔واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے چند روز قبل باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا۔